جمعیۃعلماء راجستھان کے وفد کی ڈی جی پی کے ساتھ میٹنگ،جمعیۃعلماء مالدہ کا وفد اہل خانہ سے ملنے سعید پور پہنچا
نئی دہلی ، 9؍ دسمبر (ایس او نیوز؍پریس ریلیز)ادے پور کے راج سمند میں وحشیانہ طور سے قتل کیے گئے افراز الاسلام کی آہ ملک کے گوشے گوشے میں گونجنے لگی ہے ۔ آج ملک کی اہم تنظیم جمعیۃعلماء ہند کی راجستھان اکائی کا وفد حضرت مولانا محمود مدنی کی ہدایت پرراج سمند پہنچا اور وہاں ڈی جی پی اوپی گہلوترا ، آئی جی آنند شری واستو،ایس پی مکیش ترپاٹھی وغیرہ کے ساتھ بیٹھک کی اور اصل مجرم اور اس طرح کے جرم کو شہ دینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔جمعیۃعلماء راجستھان کے نائب صدر مولانا شبیر احمدنے ملاقات کے بعد کہا کہ ڈی جی پی نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ فساد ی اور فساد پھیلانے والے دونوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے ، دوسری طرف راجستھان سرکار نے افرازل کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ جمعیۃعلماء کے وفد میں راج سمند میں رہنے والے افرازل کے چند رشتہ دار بھی شریک تھے، وفد نے ڈی جی پی کے سامنے صاف لفظوں میں کہا کہ مجرم کی دماغی حالت اور نشہ گر ہونے کو موضوع بحث بنا کر مقدمہ کو ہر گز ہلکا نہ کیا جائے جیسا کہ پولس عملہ کے چند افراد نے غیر ذمہ دارانہ طور سے اخبار کو بیان دیا ہے ، کیوں کہ جس طرح سے الگ الگ جگہوں پر مجرم نے ویڈیو بنائے ہیں ، یہاں تک کہ مندر میں اس نے ایک ویڈیو شوٹ کی ہے ، اس کی روشنی میں مجرم کی دماغی حالت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جاسکتا ، ہاں وہ فرقہ پرست عناصر کے پرجوش نعروں او رمنفی مہم کے ذریعہ برین واش کیا ہو ا شخص ہے، اس لیے یہ سرکار کی ذمہ داری ہے کہ نہ صرف چھیپ کو کاٹا جائے بلکہ اس کے جڑ کی بھی نشاندہی کی جائے۔ جمعیۃ کے وفد میں مولانا محمد یونس صاحب سکریٹری جمعیۃعلماء راجستھان، اے ایم خاں راج صدر راج سمند مسلم سماج،محمد رفیق خاں،ایڈوکیٹ فیروز خاں،شکیل بھائی ریلاوٹ،محمد سلیم،شکیل احمد بھیل واڑہ،مشرف خاں،فاروق بھائی وغیرہ شامل تھے۔ ادھر دوسری طرف مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں واقع سعید پورکالی چک پہنچ کر جمعیۃعلماء ضلع مالدہ کے وفد نے افرازل کے غم زدہ اہل خانہ سے ملاقات کی اور لوگوں کو صبر وتحمل کے ساتھ حالات سے مقابلہ کرنے کی تلقین کی ، سعید پور میں ہر طرف غم کا سایہ ہے ، لوگوں کی آنکھوں میں آنسوہے کہ کس طرح افرازل اپنی ماں کا نام پکا پکار کر مدد مانگتا رہا اور وحشی ظالم نے اس ٹکرے ٹکرے کرکے جلادیا۔سعیدپورپہنچنے والے جمعیۃ کے وفدمیں حافظ نذرالاسلام سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع مالدہ،رضاء الکریم، سمیع العالم وغیرہ شریک تھے ۔